پی آئی اے کو متحدہ عرب امارات کے لیے یومیہ2پروازوں کی اجازت مل گئی ہے جبکہ سعودیہ ایئر نے پشاور ایئرپورٹ کے لیے پروازوں کو 6 مارچ تک معطل رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے یومیہ ایک پرواز دبئی اور ایک ابو ظہبی کے لیے ملی ہے، اس سے قبل سعودی شہر دمام کے لیے بھی پی آئی اے کو اجازت ملی تھی جبکہ بحرین پر میزائل حملے کے بعد دمام کیلئے پروازیں فی الحال روک دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج پروازوں کا شیڈول جاری،پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی
سعودی عرب کے شہر جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور سعودی عرب جانے والی پروازیں بحیرہ عرب سے ہوکر یمن کے راستے پہنچ رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یورپ اور کینیڈا جانے والی پی آئی اے کی پروازیں ایرانی فضائی حدود بندش کے باعث افغان علاقے واخان سے ہوکر منزل مقصود جا رہی ہیں۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے پیش نظر یو اے ای سے غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے کئی غیرملکی ایئرلائنز خصوصی پروازیں چلا رہی ہیں۔
یو اے ای سے انخلا کی چند پروازیں مسقط کے راستے چل رہی ہیں کیونکہ مسقط کی فضائی حدود پروازوں کے لیے کھلی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بدھ کو یو اے ای میں پھنسے مختلف یورپی ملکوں کے شہریوں کے انخلا کے لیے متعدد عالمی ایئرلائنز کی پروازیں مسقط کے راستے روانہ ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن غضب للحق: پاک فوج کی کامیاب فضائی کارروائی، ننگرہار میں دشمن کی خوگانی بیس تباہ
علاوہ ازیں سعودیہ ایئر نے مسافروں کے لیے نئی اپ ڈیٹ جاری کردی ہے اور پشاور ایئرپورٹ کے لیے پروازوں کو 6 مارچ تک معطل رکھنے کا اعلان کردیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودیہ ایئر کی مسقط عمان، دبئی، کویت ابو ظہبی، بحرین ماسکو کے لیے بھی پروازیں 6 مارچ تک معطل رہیں گی۔




