مظفرآباد:محمد ندیم خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کو ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں و کشمیر تعینات کر دیا گیا ۔
اس سلسلے میں محکمہ قانون ،انصاف ،پارلیمانی امور و انسانی حقوق کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے ۔
یہ بھی پڑھیں: استعفیٰ منظور کیا جائے،ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود نے اپنا استعفیٰ دوبارہ بھیج دیا
پی آئی ڈی کے مطابق محمد ندیم خان ایڈووکیٹ کا تعلق سماہنی سے ہے ،ان کا شمار آزادجموں و کشمیر کے مایہ ناز وکلاء میں ہوتا ہے ۔
وہ آزادجموں و کشمیر بار کونسل کے وائس چیئرمین بھی رہ چکے ہیں ،ان کا شمار اُن وکلاء میں ہوتا ہے جو قانونی معاملات کے ساتھ ساتھ سماجی اور عوامی امور میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔
وکلاء برادری نے بطور ایڈووکیٹ جنرل ان کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے اور فیصل ممتاز راٹھور کے وزیراعظم بننے پر سابق ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ نے2ماہ میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اورحکومت کو استعفیٰ میں کہا تھا کہ 11فروری 2026کو اپنا عہدہ چھوڑ دونگا۔استعفیٰ منظور نہ ہونے پر 11فروری کو دوبارہ استعفیٰ بھیجا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور ڈسٹرکٹ بار انتخابات، بابر علی خان ایڈووکیٹ صدر منتخب ہو گئے
ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ انہیں سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے انہیں ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا تھا اور چوہدری انوارالحق کی وزارت عظمی کے منصب سے فراغت کے بعد وہ یہ سمجھتے ہیں کہ انکا ایڈووکیٹ جنرل کے منصب پر فائز رہنا اخلاقی طور پر درست نہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ قدم نئی حکومت کو اپنی صوابدید پر، اپنے اعتماد کے کسی فرد کو ایڈووکیٹ جنرل کے طور پر مقرر کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ دفتر کا آئینی کام آسانی سے اور مؤثر طریقے سے جاری رہ سکے۔




