مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاک بحریہ میں مستقل کمیشن آفیسر کی بھرتی، آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے سنہری موقع
لہروں پر حکمرانی کا خواب، وردی کا وقار اور وطن کی خدمت کا اعزاز، اب سب کچھ ایک قدم کی دوری پر۔
آزاد کشمیر کے باہمت اور غیور نوجوانوں کے لیے ایک بار پھر دروازے کھل گئے ہیں۔ پاکستان نیوی نے مستقل کمیشن آفیسر کی بھرتیوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے
اور آن لائن رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے جو 31 مارچ 2026 تک مکمل کیا جا سکے گا۔ دفاعِ وطن کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کے لیے یہ موقع کسی اعزاز سے کم نہیں۔
پاکستان نیوی میں شمولیت صرف ایک سرکاری ملازمت نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر کیریئر ہے، جہاں نظم و ضبط، قیادت، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت نوجوانوں کو ایک باوقار مقام عطا کرتی ہے۔
مستقل کمیشن حاصل کرنے والے افسران کو جدید بحری جہازوں، دفاعی نظام اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی جیسے شعبوں میں مہارت دی جاتی ہے، جس کے ذریعے وہ ملک کی سمندری سرحدوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مغربی بنگال :بھارتی پولیس کا مسلم نوجوان پر تشدد کی ویڈیو وائرل
ـ
اہلیت اور انتخاب کا طریقہ کار میں بھرتی کے لیے عمر کی حد ساڑھے 16 سے 21 سال مقرر کی گئی ہے۔
تعلیمی معیار کے طور پر میٹرک (سائنس) میں کم از کم 65 فیصد نمبر،ایف ایس سی (پری انجینئرنگ یا کمپیوٹر سائنس) میں کم از کم 60 فیصد نمبر ضروری ہیں۔امیدواروں کو تحریری ٹیسٹ، ذہنی و جسمانی جانچ، ابتدائی انٹرویو اور میڈیکل معائنے سمیت مختلف مراحل سے گزرنا ہوگا۔
شفاف اور میرٹ پر مبنی سلیکشن کیلئے ابتدائی ٹیسٹ پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سینٹر مظفرآباد میں ہوگا جس سے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو مقامی سطح پر ہی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان نیوی نوجوانوں کو نہ صرف مالی استحکام اور مراعات فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں ایک باوقار سماجی مقام، قیادت کی تربیت اور عالمی سطح پر نمائندگی کا موقع بھی دیتی ہے۔
جدید دور میں بحری دفاع کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، اور نیوی میں شمولیت مستقبل کے محفوظ اور روشن کیریئر کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار مزید رہنمائی کیلئے فون نمبر 05822-920930 پر رابطہ کر سکتے ہیں
جبکہ مکمل معلومات اور آن لائن رجسٹریشن کیلئے سرکاری ویب سائٹ www.joinpaknavy.gov.pk وزٹ کی جا سکتی ہے۔ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے یہ لمحہ فیصلہ کن ہے۔ اگر دل میں وطن سے محبت اور آنکھوں میں بڑے خواب ہیں تو پاکستان نیوی کا دروازہ کھلا ہے ۔۔ قدم بڑھائیں، وردی کا وقار اپنائیں اور سمندروں کے محافظ بن کر قوم کا سر فخر سے بلند کریں۔




