آزادکشمیر بھر کے ہسپتالوں میں’’ہیلتھ ایمرجنسی‘‘نافذ، عملہ ہائی الرٹ ،چھٹیاں منسوخ

مظفرآباد :محکمہ صحت آزادکشمیر نےعلاقائی صورتحال اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریاست بھر میں ہنگامی انتظامات نافذ کر دیئے ہیں اور تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

وزیر صحت سید بازل علی نقوی اور سیکرٹری صحت بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو کی خصوصی ہدایات پر ڈی جی صحت عامہ نے تمام طبی مراکز کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر:ہیلتھ کیئر کمیشن قیام کیلئے شہری ہائیکورٹ پہنچ گئے،پٹیشن دائر

ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب حسین خان نے حکم جاری کیا ہے کہ تمام افسران اور اہلکار اپنے ڈیوٹی اسٹیشنز پر موجود رہیں۔

ہسپتالوں میں 24 گھنٹے شفٹ وائز حاضری یقینی بنانے اور آپریشن تھیٹر کے عملے کو ہسپتال کے احاطے سے باہر نہ جانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر تمام ہسپتالوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کم از کم 30 فیصد بیڈز ہر وقت خالی اور مختص رکھیں تاکہ مریضوں کے اچانک دباؤ کی صورت میں فوری علاج ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملہ، انتشار سے دشمن مضبوط ہوگا: علامہ شیخ حسن جعفری کا نوجوانوں کے نام اہم پیغام

مزید برآں، ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان کے اسٹاک کو بھی مکمل رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

رپورٹنگ کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے تمام متعلقہ افسران کو ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کوئی بھی افسر یا اہلکار مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اپنا اسٹیشن نہیں چھوڑ سکے گا اور نقل و حرکت پر سخت پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: شہری اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور احتجاج کو ہر صورت پرامن رکھیں: شیخ آغا باقر کی عوام اپیل

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد، کراچی اور گلگت بلتستان میں احتجاج کیا گیا ہے جس میں شیلنگ سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے اور زخمی بھی ہوئےلیکن آزادکشمیر میں احتجاج پرامن رہا۔

Scroll to Top