عمان نے دعویٰ کیا ہےکہ ایران نےکشیدگی میں کمی کی کوششوں پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عمانی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہےکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے عمانی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں کہا کہ وہ کشیدگی میں کمی کی سنجیدہ کوششوں کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت: شہری صبر و تحمل اختیار کریں اور بدامنی سے گریز کریں،علامہ طاہر اشرفی
خیال رہےکہ یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھی جوابی حملےکیے جارہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہےکہ امریکی حملوں میں ایرانی نیوی کا ہیڈکوارٹر تباہ کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج ایران کی بحریہ کو تباہ کر رہی ہے اور اب تک ایرانی بحریہ کے 9 جنگی جہاز تباہ کئے جا چکے ہیں جب کہ باقی کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایران کی بحریہ کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ باقی ماندہ ایرانی جنگی جہاز بھی جلد سمندر کی تہہ میں ہوں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے اپنے بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیارے براہ راست امریکا سے روانہ کیے جنہوں نے ایران کے زیر زمین اور مضبوط میزائل ٹھکانوں پر 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بموں سے حملےکیے۔
یہ بھی پڑھیں: شہری اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور احتجاج کو ہر صورت پرامن رکھیں: شیخ آغا باقر کی عوام اپیل
دوسری جانب ایران کی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے اتوارکو ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور پانچ اہلکاروں کے شدید زخمی ہونےکی تصدیق کی ہے۔
ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں میں 9 اسرائیلی ہلاک ہوئےجبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملے کئے ہیں۔




