شوائی محلہ چٹی موہری کا پولیس ملازم محمد چنگیز ڈان بن گیا،قتل کی دھمکیاں،غنڈوں کی ٹیم تیار

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)شوائی محلہ چٹی موہری میں پولیس ملازم محمد چنگیز عوام کیلئے ڈان بن گیا ۔۔

پانی کی بندش کے ساتھ ساتھ غریب عوام کو قتل کی دھمکیاں دینے لگا جبکہ شہریوں سے زمین ہتھیانے کیلئے غنڈوں کی ٹیم تیار کر لی۔

پولیس ملازم ہونے کی دھمکی،محمد جہانگیر نامی شہری کو بلاوجہ رات کو پابند سلاسل کروا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
غریب شہری کے بچوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہبازشریف کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پرتبادلہ خیال

تفصیلات کے مطابق شوائی محلہ چٹی موہری کے مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مقامی سطح پر بااثر افراد کی جانب سے مبینہ طور پر پانی کی فراہمی بند کر دی گئی جس کے باعث علاقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

متاثرین کے مطابق یہ مسئلہ کوئی عارضی نوعیت کا نہیں بلکہ کئی برسوں سے جاری ہے، تاہم رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔
مرکزی ایوانِ صحافت کے سائلین ڈیسک پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے محمد جہانگیر نے بتایا کہ محمد چنگیز، محمد وسیم سجاد اور محمد الطاف اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے علاقہ مکینوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر پانی کی سپلائی بند کیے جانے کے باعث متعدد گھرانے شدید متاثر ہو رہے ہیں جن میں غلام سرور، محمد صادق، عبدالمجید، حفیظ الرحمن اور شفیق الرحمن شامل ہیں۔

محمد جہانگیر نے مزید الزام عائد کیا کہ محلے کی مرکزی مسجد کو بھی پانی کی فراہمی سے محروم رکھا گیا ہے، جس کے باعث نمازیوں کو وضو اور دیگر ضروریات کے لیے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کے مطابق اہلِ علاقہ کو کئی کلومیٹر دور سے پانی لا کر نہ صرف اپنے گھروں بلکہ مسجد کی ضروریات بھی پوری کرنا پڑتی ہیں، جو کہ بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ حکام سے رجوع کیا، درخواستیں دیں اور مقامی سطح پر مسئلے کے حل کی کوشش کی، تاہم اب تک کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں مبینہ طور پر دھمکی آمیز رویے کا بھی سامنا ہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

اہلِ محلہ نے ضلعی انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں، حقائق سامنے لائیں اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا آئینی حق ہے اور کسی بھی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ ذاتی رنجش یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر عوام کو اس حق سے محروم کرے۔

Scroll to Top