پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان موجود تاریخی اور لازوال رشتے کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک مبینہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے ایک نئی پروپیگنڈا مہم شروع کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک متنازع پوسٹ وائرل کی گئی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاک فوج کے ایک ریٹائرڈ جنرل کو آزاد جموں کشمیر کا نیا صدر مقرر کیا جا رہا ہے۔ اس پوسٹ میں جنرل (ر) شیر افگن نیازی کا نام بطور نئے صدر پیش کیا گیا، جسے بھارتی صارفین نے پاکستان اور پاک افواج کے خلاف بیانیہ بنانے کے لیے تیزی سے شیئر کیا۔
وائرل ہونے والی اس تحریر میں طنزیہ جملے بھی شامل کیے گئے تھے جن کا مقصد ریاستی اداروں کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا اور عوام میں بداعتمادی کو فروغ دینا تھا۔ مبصرین کے مطابق ایسی زبان کا استعمال سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ پاک فوج کو بدنام کیا جا سکے۔ اس حساس معاملے پر غیر جانبدار پلیٹ فارم ’آزاد فیکٹ چیک‘ نے تفصیلی جائزہ لیا ہے جس کے مطابق اس دعوے کی کوئی بھی سرکاری تصدیق موجود نہیں ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کی آئینی یا انتظامی سطح پر ایسی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کے حرام ڈالروں پر پلنے والا بھگوڑا عادل راجہ اب افغانستان کا پالتو بن گیا، افغانی میڈیا نے بڑا تجزیہ نگار قرار دے دیا
واضح رہے کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کو ہائبرڈ وارفیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جہاں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منظم انداز میں افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ اس مہم کا اصل ہدف عوامی رائے کو متاثر کرنا اور ریاستی اداروں کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کرنا ہے۔ حکام اور ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں کو بغیر تصدیق کے آگے شیئر نہ کریں، کیونکہ ڈیجیٹل دور میں ایسی سازشوں سے نمٹنے کے لیے عوامی شعور اور ذمہ دارانہ رویہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔




