جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں سام سنگ الیکٹرونکس نے اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گیلیکسی ایس 26 متعارف کروا دیا ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے امریکا اور جنوبی کوریا سمیت اہم مارکیٹوں میں اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ سام سنگ کی جانب سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب عالمی سطح پر میموری چپس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کے منافع پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
قیمتوں کی تفصیلات کے مطابق امریکا میں گیلیکسی ایس 26 کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر رکھی گئی ہے، جو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں 4.7 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح ایس 26 پلس کی قیمت 10 فیصد اضافے کے ساتھ 1099 ڈالر مقرر کی گئی ہے، تاہم الٹرا ماڈل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ جنوبی کوریا میں بنیادی ماڈل کی قیمت میں تقریباً 8.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسمارٹ فون مارکیٹ میں سام سنگ کی پہلی پوزیشن ایپل کے ہاتھوں چھن جانے کے بعد اس نئی سیریز کو کمپنی کی واپسی کے لیے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شادی شدہ خواتین کے پاسپورٹ سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا
ٹیکنالوجی کے لحاظ سے سام سنگ نے ایس 26 کے کچھ ماڈلز میں پہلی بار اپنے تیار کردہ ایگزینوس پروسیسر استعمال کیے ہیں، جبکہ پچھلے ماڈلز میں کوالکوم کے چپس استعمال کیے گئے تھے۔ نئے فونز میں گوگل کا جیمنائی اے آئی سسٹم اور پرپلیکسیٹی اے آئی جیسی جدید ٹیکنالوجی سمیت بکسبی اسسٹنٹ کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گیلیکسی ایس 26 الٹرا میں ایک نیا پرائیویسی ڈسپلے متعارف کروایا گیا ہے جو اسکرین کو سائیڈ سے دیکھنے کو محدود کرتا ہے تاکہ صارف کی معلومات محفوظ رہ سکیں۔
دوسری جانب چپ مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ادارے ٹرینڈ فورس نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال کے پہلے تین ماہ میں میموری چپس کی قیمتوں میں 90 سے 95 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ اس اضافے کی بڑی وجہ میٹا، مائیکروسافٹ اور دیگر کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں بھاری سرمایہ کاری ہے۔ ایپل کے سی ای او ٹم کک نے بھی میموری چپس کی قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کی ہے، جس کے باعث ماہرین کا خیال ہے کہ آنے والے مہینوں میں اسمارٹ فونز مزید مہنگے ہو سکتے ہیں۔ گیلیکسی ایس 26 سیریز کی فروخت کا باقاعدہ آغاز 11 مارچ سے ہوگا۔





