وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت یورپی ممالک بھیجنے کیلئے تیار ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے روم میں منعقد مائیگریشن ڈائیلاگ میں شرکت کی۔ اس مکالمے میں اٹلی، اسپین اور یونان کے وزرا بھی شریک تھے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ہنر مندوں کے لیے بڑی خوشخبری، اٹلی کا ساڑھے 10 ہزار ویزے دینے کا باضابطہ اعلان
محسن نقوی نے اٹلی کی جانب سے 10 ہزار 500 ملازمتیں مختص کیے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک نقل مکانی کے خواہش مند افراد کیلئے ریگولر طریقوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ غیر قانونی آمد کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
اجلاس کے دوران یونان اور اسپین کے وزرا نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستانیوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گے۔ حکام نے اس بات کو بھی سراہا کہ سمندر کے راستے پاکستانیوں کی غیر قانونی طور پر یورپ آمد میں کمی آئی ہے۔




