روم میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے بڑے مواقع کا اعلان کیا گیا ہے۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ قانونی ہجرت (لیگل مائیگریشن) کے فروغ کے لیے پاکستانی اسکلڈ لیبر یعنی ہنر مند افراد کو ساڑھے 10 ہزار ویزے فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کرتے ہوئے استثنیٰ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے داخلی سکیورٹی، انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے پاکستان کی مؤثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نے اس حوالے سے قابلِ تحسین کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری: متحدہ عرب امارات کی خلیفہ یونیورسٹی میں فل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات میں بتایا کہ پاکستان کے ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کی وجہ سے غیر قانونی امیگریشن میں واضح کمی آئی ہے۔ اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ کی بات کی تھی جسے اب تسلیم کر لیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں قانونی ہجرت کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔




