باجوڑ، پولیس سکواڈ پر فتنہ الخوارج کا بزدلانہ حملہ، 4اہلکار شہید، 2زخمی

عوام کی حفاظت پر مامور باجوڑ پولیس کے ابابیل اسکواڈ پر فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں4اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 2اہلکار زخمی ہوگئے۔

رمضان المبارک کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کے خصوصی دستے مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں تعینات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فتنہ الہندوستان کا بزدلانہ حملہ: بلیدہ میناز میں گھر پر مارٹر گولے فائر،بلوچ خواتین اور بچے شہید

بدھ کو افطاری سے کچھ دیر قبل نوے کلے کے قریب ابابیل اسکواڈ کی گشتی پارٹی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار شہید اور2زخمی ہو گئے۔

شہید ہونیوالے اہلکاروں میں کانسٹیبل یار زادہ، داؤد خان، عمران اور سراج شامل ہیں جبکہ زخمی ارشاد خان اور عزیز الرحمان کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

افسوسناک واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور دہشتگردوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں ادا کردی گئی ، نمازِ جنازہ میں کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ، ایس پی انوسٹی گیشن باجوڑ، پولیس و سول محکموں کے افسران، عمائدین علاقہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تابوت پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے جبکہ ملک و قوم کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

بعد ازاں شہداء کے جسدِ خاکی کو پولیس کے خصوصی اسکواڈ کے ہمراہ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا گیا جہاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں: تھانہ میریان کے گیٹ کے قریب دھماکہ، 2 شہری شہید اور 15 زخمی

ڈی پی او باجوڑ محمد خالدکا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت پر تعینات جوانوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو چن چن کر ٹھکانے لگایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top