آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 نے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ کولمبو سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں چھکوں کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ اب تک کھیلے گئے میچوں میں چھکوں کی کل تعداد 541 تک پہنچ چکی ہے، جو کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی ایک ایڈیشن میں لگنے والے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چھکوں کی اس ریکارڈ ساز تعداد میں ابھی مزید اضافہ ہونا باقی ہے، کیونکہ سپر ایٹ کے مقابلے ابھی جاری ہیں۔ ان مقابلوں کے بعد دو سیمی فائنلز اور ایک بڑا فائنل بھی کھیلا جائے گا، جس میں مزید باؤنڈریاں اور چھکے لگنے کی قوی امید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ سے شکست، پاکستان اب کیسے سیمی فائنل میں جاسکتا ہے؟
اگر ماضی کے ریکارڈز پر نظر ڈالی جائے تو 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 517 چھکے لگے تھے، جبکہ 2021 کے ٹورنامنٹ میں یہ تعداد 405 تھی۔ اسی طرح 2022 کے ورلڈ کپ میں 331 اور 2016 کے ایڈیشن میں چھکوں کی کل تعداد 314 ریکارڈ کی گئی تھی۔ موجودہ ٹورنامنٹ نے اپنے ابتدائی مراحل میں ہی پچھلے تمام سالوں کے ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔




