مظفرآباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے تقرر کے بعدآزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کا پہلا ہوا۔
اجلاس میں معزز رُکن الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہم انتخابی و انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری
اجلاس میں عام انتخابات 2026 کے حوالہ سے کمیشن نے ہدایت جاری کی کہ وقت کی کمی کے پیشِ نظر انتخابی تیاریوں کا فوری آغاز کیا جائےاور ووٹ رجسٹریشن کے لیے یکم اپریل 2026 کو کوالیفائنگ ڈیٹ مقرر کیا گیا۔
کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں اسسٹنٹ کمشنرز کو بطور رجسٹریشن آفیسر تعینات کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کوچیف الیکشن کمشنر پاکستان کی رضامندی سےرجسٹریشن آفیسربرائے مہاجرین جموںو کشمیرمقیم پاکستان مقرر کیا جائے گا۔
کمیشن نے اجلاس میں یہ ہدایت کی کہ جن معزز اراکینِ اسمبلی نےکمیشن مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تاحال اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں وہ دس (10) دن کے اندر اندر اپنے گوشوارے جمع کرائیں، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق ان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے حوالہ سے فیصلہ کیا گیا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ اپنی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آزادکشمیر کاانتخاب، شیڈول جلد دینے کی تیاری شروع
مزید برآں سیکرٹری الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے اور اہل جماعتوں کے معاملات ایک ہفتہ کے اندر کمیشن کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں قادیانیو ں اور دیگر غیر مسلم شہریوں کے لیے علیحدہ انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلہ میں معزز عدالتِ عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں قانون میں درکار ترمیم کے لیے حکومت کو یاددہانی مراسلہ ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے محکمہ خزانہ کو فنڈز کے اجراء کے لیے یاددہانی بھیجنے اور محدود مالی وسائل کے پیشِ نظر سردست صرف چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات کا شیڈول مرحلہ وار جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرست نظام (CERS) کی مؤثر فعالیت، ایس سی او کے ذریعے انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی اور محکمہ خزانہ کے ساتھ زیر التواء مالی معاملات کی ادائیگی کے لیے فوری فنڈز کے اجراء پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی نیلم اورحویلی میں بجلی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت
اجلاس کے اختتام پر چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ تمام فیصلوں پر قانونی تقاضوں کے مطابق فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔




