لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) ملک میں موٹرسائیکلوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بینکوں کے بلند مارک اپ ریٹس کے باعث عام شہری کیلئے نئی بائیک خریدنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ایسے میں سوزوکی پاکستان نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنی مقبول موٹرسائیکل GD 110S پر زیرو فیصد مارک اپ آفر متعارف کرا دی۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کے تحت خریدار بائیک قسطوں پر حاصل کر سکتے ہیں اور انہیں کسی قسم کا اضافی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
اس آفر کا مقصد ان صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے جو ایک ساتھ مکمل رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے لیکن اضافی مالی بوجھ سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔
سوزوکی GD 110S کی موجودہ قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ۔ اس اسکیم کے تحت مارک اپ مکمل طور پر صفر فیصد رکھا گیا ہے۔
یعنی بائیک کی قیمت میں کوئی اضافی چارج شامل نہیں کیا جائے گا۔خریداروں کو بائیک حاصل کرنے کیلئے 25 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی جو تقریباً 92 ہزار 475 روپے بنتی ہے۔
باقی رقم 24 ماہ یعنی دو سال کی آسان اقساط میں ادا کی جا سکے گی۔ کمپنی کے مطابق ماہانہ قسط تقریباً 10 ہزار 300 روپے سے شروع ہوتی ہے، تاہم حتمی رقم متعلقہ پلان کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کے شہریوں کے شناختی کارڈ پر مخصوص عبارت کا اندراج لازمی قرار
پاکستان میں مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث موٹرسائیکل اب ایک پرتعیش شے نہیں بلکہ روزمرہ کی ضرورت بن چکی ہے۔
سرکاری و نجی ملازمین سمیت طلبہ اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد سفری اخراجات کم کرنے کیلئے موٹرسائیکل کو ترجیح دیتی ہے۔
روایتی بینک فنانسنگ کے ذریعے بائیک خریدنے کی صورت میں خریدار کو اصل قیمت سے کہیں زیادہ رقم ادا کرنا پڑتی ہے کیونکہ اس میں سود شامل ہوتا ہے۔
تاہم سوزوکی کی زیرو مارک اپ آفر کے تحت صارفین وہی قیمت ادا کریں گے جو نقد خریداری پر مقرر ہے، فرق صرف اتنا ہوگا کہ ادائیگی آسان ماہانہ اقساط میں کی جا سکے گی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں ایسی اسکیمیں متوسط طبقے کے لیے کسی بڑی سہولت سے کم نہیں۔ کمپنی نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو قریبی مجاز ڈیلرشپ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مکمل شرائط و ضوابط سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔




