راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی ایک زیرِ تعمیر نالہ عبور کرتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور پھسل کر نیچے جا گریں۔ عینی شاہدین کے مطابق انہیں معمولی نوعیت کی اندرونی چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ خطرے سے باہر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چند کارکنان عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل کی جانب جا رہے تھے۔ دایگل ناکے کے قریب سیوریج لائن کی تعمیر کی وجہ سے راستہ بند تھا جس کے باعث کارکنان متبادل راستہ اختیار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران نورین نیازی اور ان کے ہمراہ ایک خاتون کارکن نے نالہ عبور کرنے کی کوشش کی مگر پاؤں پھسلنے سے دونوں نیچے جا گریں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا پمز میں طبی معائنہ ، ٹیسٹ نارمل قرار، واپس اڈیالہ منتقل
واقعہ پیش آتے ہی موقع پر موجود کارکنان نے فوری طور پر انہیں سہارا دے کر نالے سے باہر نکالا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گرنے کی وجہ سے انہیں ہلکی چوٹیں آئیں اور وہ کچھ دیر آرام کرنے کے بعد خود چلنے کے قابل تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے فوری امدادی کارروائی کی۔
🚨عمران خان کی بہن نورین نیازی داہگل ناکے پرزیر تعمیر نالے میں گر گئیں ، نالہ کراس کرتے ہوئے پاؤں پھسلا اور گر گئیں ۔۔۔ pic.twitter.com/Wd6YTBjl74
— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) February 24, 2026
اس واقعے کے بعد کچھ دیر کے لیے علاقے میں افرا تفری کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی جسے پارٹی رہنماؤں نے مداخلت کر کے پُرسکون کرایا۔ پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ تعمیر نالے کے گرد مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ایسے حادثات کا خدشہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔




