بھارتی صحافی کے چبھتے ہوئے سوال کا سکندر رضا نے کرارا جواب دیا

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں ایک بھارتی صحافی کو ایسا منہ توڑ جواب دیا ہے کہ وہ اگلا سوال کرنے کے قابل بھی نہ رہا۔ پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سکندر رضا سے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ملنے والی بڑی شکست اور آئی پی ایل میں ان کی عدم شمولیت کے بارے میں سوال کیا تھا، جس پر اسٹار آل راؤنڈر نے انتہائی کرارا جواب دیا۔

بھارتی صحافی نے زمبابوے کے کپتان سے پوچھا تھا کہ ویسٹ انڈیز سے اتنے بڑے مارجن سے ہارنے کے بعد کیا انہیں لگتا ہے کہ ان کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ پائے گی؟ ساتھ ہی صحافی نے طنز کرتے ہوئے یہ بھی پوچھا کہ اس بار آئی پی ایل کی کسی فرنچائز نے انہیں کیوں نہیں خریدا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی نے سیمی فائنل کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کر دی

سکندر رضا نے اس کا جواب دیتے ہوئے صحافی کو یاد دلایا کہ شکست تو آپ کی اپنی ٹیم کو بھی جنوبی افریقہ سے بڑے مارجن سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو اب بھی امید ہے کہ آپ کی ٹیم سیمی فائنل کھیل سکتی ہے، تو ہمیں اپنی ٹیم سے امید کیوں نہیں ہو سکتی؟ اس جواب نے صحافی کو دفاعی پوزیشن پر آنے پر مجبور کر دیا۔

آئی پی ایل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سکندر رضا نے انکشاف کیا کہ شاید آپ کو معلوم نہیں کہ یہ میرا دوسرا سیزن ہے کہ میں نے آئی پی ایل کے لیے رجسٹریشن ہی نہیں کرائی۔ انہوں نے فخر سے بتایا کہ میں اپنی لیگ ‘پاکستان سپر لیگ’ کھیلتا ہوں اور یہ وہاں میرا دوسرا سیزن ہے۔ سکندر رضا نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال دہلی کی ٹیم نے آئی پی ایل کھیلنے کے لیے ان سے خود رابطہ کیا تھا، لیکن انہوں نے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے صحافی کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کی تصدیق کے لیے خود دہلی کی ٹیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انگلینڈ کا بڑا ٹاکراآج ہو گا،سیمی فائنل کی دوڑ تیز

Scroll to Top