ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی نے سیمی فائنل کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کر دی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے شیڈول میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں۔ سپر ایٹ مرحلے کے اختتام پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھیجے گئے ایک نئے اعلامیے میں سیمی فائنلز کے مقامات اور انتظامات کے حوالے سے نئی وضاحتیں جاری کی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا اطلاق پاکستان، بھارت اور سری لنکا کی پیش قدمی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق پہلا سیمی فائنل کولمبو یا کولکتہ میں کھیلا جا سکتا ہے، جس کا فیصلہ مخصوص شرائط پر ہوگا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیتا ہے تو وہ 4 مارچ کو کولمبو میں پہلا سیمی فائنل کھیلے گا۔ چاہے پاکستان کوالیفائی کرے یا نہ کرے، اگر سری لنکا سیمی فائنل میں پہنچ جاتا ہے تو پہلا سیمی فائنل کولمبو میں ہی منعقد ہوگا، خواہ مدِ مقابل بھارتی ٹیم ہو یا کوئی اور ملک۔

یہ بھی پڑھیں: دی ہنڈرڈ لیگ اور پاکستانی کھلاڑیوں کا مستقبل؟ صاحبزادہ فرحان کا اہم بیان سامنے آ گیا

اگر ایسی صورتحال بنتی ہے کہ پاکستان سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے لیکن سری لنکا کوالیفائی کر جائے اور اس کا مقابلہ بھارت کے علاوہ کسی اور ٹیم سے ہو، تب بھی سری لنکا اپنا سیمی فائنل کولمبو میں ہی کھیلے گا۔ آئی سی سی نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ اگر پاکستان اور سری لنکا دونوں ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جاتے ہیں، تو ایسی صورت میں پہلا سیمی فائنل کولکتہ میں اور دوسرا سیمی فائنل ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم کے حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت سیمی فائنل میں جگہ بناتا ہے تو وہ اپنا میچ ممبئی میں کھیلے گا۔ تاہم، یہاں ایک استثنائی صورت رکھی گئی ہے کہ اگر بھارت کا سیمی فائنل میں مقابلہ پاکستان سے ہوتا ہے، تو ایسی صورت میں یہ میچ ممبئی کے بجائے کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔ ان انتظامات کا مقصد مختلف ٹیموں کی کوالیفکیشن کے لحاظ سے لاجسٹک اور سیکیورٹی معاملات کو بہتر بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: کشمیری نژاد برطانوی کرکٹر معین علی پاکستانی کرکٹرز کی حمایت میں ڈٹ گئے

Scroll to Top