میرپور: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ اور ان لینڈ ریونیو، چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ ریاست میں ‘ٹیکس آسان موبائل ایپ’، انوائسنگ سسٹم اور ریونیو ڈیش بورڈ کا آغاز ڈیجیٹل گورننس کے قیام کی طرف ایک انقلابی قدم ہے۔ میرپور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور خاص طور پر کمشنر سید انصار علی اور ان کی آئی ٹی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک شفاف اور دنیا کے بہترین ٹیکس نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام ڈیجیٹل اقدامات ریاست کے ریونیو سسٹم کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ اس تقریب میں سیکرٹری ان لینڈ ریونیو چوہدری عبدالرحمن، کمشنر نارتھ باسل صدیق، اور چیمبر آف کامرس کے صدر عمر شہزاد جرال سمیت دیگر اہم افسران اور شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ مذہبی امور آزاد کشمیر نے فطرانہ اور روزوں کے فدیہ کی تفصیلات جاری کر دیں
چوہدری قاسم مجید نے واضح کیا کہ ان لینڈ ریونیو کا محکمہ ریاست کا سب سے زیادہ ریونیو جمع کرنے والا ادارہ ہے۔ اس سال ادارے کو 85 ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، اور انہیں پوری امید ہے کہ محکمہ یہ ہدف حاصل کر لے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست سے توقعات وابستہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ذمہ داری سے ٹیکس بھی ادا کرنا چاہیے، کیونکہ شفاف ٹیکس وصولی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
صنعتی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ میرپور ڈرائی پورٹ کا قیام آخری مراحل میں ہے اور آزاد جموں و کشمیر بینک کو شیڈول بینک بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی اور ٹیکس ادا کرنے والے صنعت کاروں کو بلاوجہ ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جعلی مصنوعات بنانے اور ٹیکس چوری کرنے والوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




