ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انگلینڈ کا بڑا ٹاکراآج ہو گا،سیمی فائنل کی دوڑ تیز

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ پالے کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ گرین شرٹس کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، جہاں جیت انہیں سیمی فائنل کی دوڑ میں مضبوط کر دے گی جبکہ شکست ان کی اگلے مرحلے تک رسائی کو مشکل بنا سکتی ہے۔

سپر ایٹ مرحلے کے اب تک کے سفر میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جس سے اسے صرف ایک پوائنٹ ملا۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو باآسانی شکست دے کر پہلے ہی فتح حاصل کر چکی ہے اور وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے لیے اس میچ میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے تاکہ وہ ’اگر مگر‘ کی صورتحال سے بچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی نے سیمی فائنل کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کر دی

اگر دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو انگلینڈ کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ اب تک کھیلے گئے 31 میچوں میں سے 21 میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان صرف 10 میچ جیت سکا ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھی دونوں ٹیمیں تین بار آمنے سامنے آئیں اور ہر بار فتح انگلینڈ کے حصے میں آئی۔ تاہم سری لنکا کی مختلف کنڈیشنز میں پاکستان کے پاس پرانی تاریخ بدلنے کا بہترین موقع موجود ہے۔

موسم کے حوالے سے شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ کینڈی اور پالے کیلے میں آج صبح سے چمکدار دھوپ نکلی ہوئی ہے۔ شام ساڑھے 6 بجے جب میچ شروع ہوگا تو اس وقت بھی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور پورے میچ کے دوران موسم خوشگوار رہنے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے تاکہ ٹیم کے توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔ آج کے اس بڑے معرکے کے بعد پاکستان اپنا اگلا میچ 28 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔

مزید پڑھیں: دی ہنڈرڈ لیگ اور پاکستانی کھلاڑیوں کا مستقبل؟ صاحبزادہ فرحان کا اہم بیان سامنے آ گیا

Scroll to Top