ایران کیلئے بہت برا دن ہوگا، ٹرمپ کی پھر دھمکی، سرینڈر کا مطلب نہیں جانتے، تہران

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کیین کے ایران پر امریکی حملے کے مخالف ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ جنرل ڈینیل کیین سے متعلق کئی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ ایران کے خلاف جنگ میں ہمارے ساتھ نہیں ہیں، ٹرمپ نے ان رپورٹس کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں اور یہ 100 فیصد غلط ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ نہیں بدلا، بھارت ٹیرف ادا کرتا رہیگا، ڈونلڈ ٹرمپ،نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری

امریکی صدر نے کہا کہ اس حوالے سے وہ خود فیصلہ کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا وہ ایران کے ساتھ معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے بہت برا دن ہوگا، ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ایران سرینڈر کا مطلب نہیں جانتا، اپنی سرزمین کی خلاف ورزی قبول نہیں کریں گے۔

تہران میں پریس بریفنگ میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ حق دفاع استعمال کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت کے خلاف ردعمل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کوطویل اور تھکا دینے والے مذاکرات سےکوئی فائدہ نہیں، کسی بھی ایٹمی معاہدے کے لیے ایرانی قوم کےمفادات سرخ لکیر ہیں۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ خطے میں یورپی فوجی دستوں کو دہشت گرد سمجھا جائے گا، محدود حملوں سمیت کوئی بھی امریکی کارروائی جارحیت سمجھی جائے گی۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعودپزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بات چیت کے حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں، امریکی اقدامات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی دھمکیاں، ایران کا سیکرٹری جنرل یو این کو خط،دوٹوک پیغام دیدیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعودپزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں امن اور استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔ حالیہ مذاکرات میں عملی تجاویز کا تبادلہ ہوا اور حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ہم امریکا کے اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اورکسی بھی ممکنہ صورتِ حال کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکا اورایرانی وفودکے درمیان جمعرات کو اہم ملاقات ہوگی۔جنیوا میں ہونے والی ملاقات میں امریکا کی جانب سےاسٹیووٹکوف اورجیرڈکشنر شریک ہوں گے۔

 

Scroll to Top