موٹرسائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ مقرر، سخت انتباہ جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موٹر سائیکل ایم ٹیگ مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت ڈی جی ایکسائز نے موٹر سائیکل مالکان کے لیے واضح ڈیڈ لائن کا اعلان کردیا۔

موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ 28 فروری مقرر کی گئی ہے۔ یکم مارچ سے بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل چلانے پر کارروائی ہوگی اور ایسے موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: بغیر ایم ٹیگ داخل ہونیوالی گاڑیوں کیخلاف کارروائی شروع

ڈی جی ایکسائز کے مطابق یکم مارچ سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسرے مرحلے کے دوران اب تک 2 ہزار سے زیادہ موٹر سائیکلوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔

ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے ایم ٹیگ سینٹرز میں اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے اور چھٹی کے روز بھی سینٹرز کھلے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ایم ٹیگ لازمی، ڈیجیٹل پارکنگ اور میٹرز لگانے کا فیصلہ

ڈی جی ایکسائز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو محفوظ بنانے کے لیے حکومتی اقدامات میں تعاون کریں اور مقررہ ڈیڈ لائن سے پہلے اپنے موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ لازمی لگوائیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی تھی اور تمام گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگا دیئے گئے ہیں۔

گاڑیوں اور موٹرسائیکلز پر ایم ٹیگ لگانے کا فیصلہ اسلام آباد کچہری میں ہونیوالے دھماکے  کے بعد کیا گیا تھا اور ناکوں کے علاوہ مختلف مقامات پر کیمپ لگا کر ایم ٹیگ لگائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موٹرویز پر نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد تک اضافہ

بغیر ایم ٹیگ کے اسلام آباد میں اب داخل ہونیوالے گاڑیوں کو بھاری جرمانوں کے بعد ایم ٹیگ لگائے جا رہے ہیں۔

 

Scroll to Top