اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور سینٹرل جیل اڈیالہ میں قید عمران احمد خان نیازی کو طبی معائنے اور آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا۔
پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو فالو اَپ چیک اَپ اور آنکھ میں اینٹی وی جی ایف انجکشن کی دوسری خوراک کے لیے لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بانی سے معاملات ٹھیک کریں،وعدہ ہے حکومت نہیں گرانے دونگا، راجہ ناصر عباس
طریقہ کار سے قبل ماہر ڈاکٹروں کے بورڈ نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، جس میں دل کے ٹیسٹ (ای سی جی اور ایکو) بھی شامل تھے، جن کے نتائج نارمل آئے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو طبی طور پر مستحکم قرار دیا گیا اور تمام معیاری احتیاطی تدابیر کے تحت ڈے کیئر پروسیجر مکمل کیا گیا۔
پمز حکام کے مطابق عمران خان کی حالت طریقہ کار سے قبل، دوران اور بعد میں مستحکم رہی اور ضروری ہدایات کے ساتھ انہیں واپس منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا اور آنکھ میں انجکش دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران کی رہائی کیلئے سب سے زیادہ کوشش محسن نقوی نے کی، گنڈاپور کا انکشاف
سپریم کورٹ کے حکم پر وکیل سلمان صفدر نے عمران خان سے ملاقات کی تھی اور عمران خان کی صحت سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جبکہ عدالتی حکم پر بنائے گئے بورڈ نے بھی عمران خان کا جیل میں معائنہ کیا تھا۔




