اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل ٹیرف، سروس کے معیار اور غیر مجاز کٹوتیوں سے متعلق حالیہ خبروں پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
پی ٹی اے کے بیان کے مطابق ادارہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مکمل طور پر متحرک اور پُرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے تمام موبائل صارفین کیلئے بڑی سہولت متعارف کرادی
اس سلسلے میں، منظم اور متوازن ٹیرف نظام کو یقینی بنانے کے لیے موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 نافذ کر دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضوابط کے تحت نمایاں مارکیٹ پاور رکھنے والے آپریٹرز کسی بھی نئے پیکیج کے اجرا یا موجودہ نرخوں میں تبدیلی سے قبل پی ٹی اے سے پیشگی منظوری کے پابند ہیں۔
اس کا مقصد صارفین کو غیر ضروری اضافی بوجھ سے بچانا اور مارکیٹ میں شفافیت قائم رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بغیر ٹیکس کے موبائل فون رجسٹریشن، پی ٹی اے نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت متعارف کرادی
پی ٹی اے نے کہا کہ دیگر آپریٹرز کاروباری بنیادوں پر نرخ مقرر کر سکتے ہیں تاہم اگر کوئی ٹیرف صارفین کے مفاد کے خلاف پایا گیا تو پی ٹی اے کو مداخلت کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
اس اقدام کے ذریعے صارفین کی سہولت اور مارکیٹ میں منصفانہ مقابلہ برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مجاز کٹوتی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر ادارے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کردیا
پی ٹی اے کے مطابق یہ ریگولیشنز نہ صرف صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہیں بلکہ ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ میں شفافیت اور مستحکم کاروباری ماحول کو بھی فروغ دیں گی۔




