مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) وزیر صحت عامہ و بہبود آبادی بازل علی نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر عوام کیلئے وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت صحت کارڈ کی سہولت بحال کر دی گئی ہے۔
اس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح 16 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں کیا گیا۔وزارت صحت عامہ سے جاری اعلامیے کے مطابق صحت سہولت کارڈ کے تحت آزاد کشمیر کی تقریباً 45 لاکھ آبادی کو آزاد کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں، منتخب نجی ہسپتالوں اور راولپنڈی و اسلام آباد کے منتخب سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اندرونِ خانہ علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس مقصد کے لیے حکومت پاکستان نے State Life Insurance Corporation of Pakistan کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت علاج معالجہ کے اخراجات حکومت پاکستان کی مالی معاونت سے ادا کیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت کینسر، امراضِ قلب، گردوں کے امراض، گائنی اور دیگر پیچیدہ بیماریوں سے متعلق سرجریز اور ادویات کی سہولیات شامل ہیں۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں سی ایم ایچ مظفرآباد، سی ایم ایچ راولاکوٹ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپور، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پلندری، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم ویلی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نیلم میں صحت کارڈ کے تحت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مظفرآباد اور کارڈیک ہسپتال مظفرآباد کو بھی جلد پروگرام میں شامل کر لیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صدقہ فطر اور فدیہ کی رقم کتنی ہوگی؟ نئی لسٹ جاری
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر کے تمام تحصیل ہسپتالوں کو اسٹیٹ لائف کے ساتھ رجسٹر کر دیا گیا ہے اور مقررہ معیار پر پورا اترنے والے ہسپتالوں میں جلد سہولیات کا آغاز کیا جائے گا جبکہ اہلیت پر پورا اترنے والے نجی ہسپتالوں میں بھی صحت کارڈ کے تحت علاج جاری ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں بشمول راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بھی آزاد کشمیر کے شہریوں کو صحت کارڈ کے تحت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور علاج کے لیے سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کریں جہاں آپریشن اور ادویات کی فراہمی بلا معاوضہ کی جا رہی ہے۔
تمام سی ایم ایچ اور ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں معلوماتی ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں نظامت اعلیٰ صحت عامہ مظفرآباد سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ صحت کارڈ سے متعلق معلومات کے لیے حکومت پاکستان کی ویب سائٹ اور ہیلپ لائن 0800-09009 بھی دستیاب ہے۔
وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
تاکہ دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد بھی جدید طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور کسی بھی مریض کو مالی مشکلات کے باعث علاج سے محروم نہ رہنا پڑے۔




