اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )نوتعینات چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے چارج سنبھالتے ہی نئے صدر آزادکشمیر کے انتخاب کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں اور جلد انتخاب کا شیڈول جاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔
صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا انتقال 31 جنوری 2026 کو ہوا اور ایک ماہ میں نئے صدر کا انتخاب آئینی تقاضا ہے،چیف الیکشن کمشنر کی تقرری نہ ہونے پر صدر آزادکشمیر کا انتخاب التواء کا شکارتھا۔
چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے گزشتہ چارج سنبھالا ہے اور ذرائع کے مطابق انہوں نے چارج سنبھالتے ہیں نئے صدر کے انتخاب کیلئے شیڈول دینے کی تیاری شروع کردی ہےا ور آئندہ 3سے4روز میں شیڈول جاری ہونے کاامکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر : غلام مصطفیٰ مغل نئے چیف الیکشن کمشنر مقرر
چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) غلام مصطفی مغل جو پہلے بھی چیف الیکشن کمشنر رہ چکے ہیں اصول پسند شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں، جو آئین و قانون کی سختی سے پاسداری کو اپنی پیشہ ورانہ شناخت سمجھتے ہیں۔
ان کی پیشہ ورانہ زندگی نظم و ضبط، اصول پسندی اور ادارہ جاتی مضبوطی کی روشن مثال سمجھی جاتی ہے۔
الیکشن کمیشن آزادکشمیر کی جانب سے صدر آزادکشمیر کے انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد ہی صدارتی امیدوار سامنے آنے کی توقع ہے اورممکنہ طور پیپلزپارٹی اپنا امیدوار صدر منتخب کرانے میں کامیاب ہو جائیگی۔
مسلم لیگ(ن) بھی اپنا امیدوار لانے کی خواہشمند ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات میں طے ہو چکا ہے کہ مسلم لیگ(ن) پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ہی ووٹ دیگی۔
پیپلزپارٹی کے متوقع صدارتی امیدواروںمیں صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری یاسین، قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر، سابق صدر ریاست سردار یعقوب خان ،سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس، سابق وزیرحکومت سردارقمر الزمان کے نام شامل ہیں۔
چوہدری محمد یاسین اور چوہدری لطیف اکبراورسرداریعقوب خان کے حلقوں میں مضبوط امیدوارنہ ہونےکے سبب ان تینوں شخصیات کی صدر نامزدگی کے چانسز بہت کم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آزادکشمیر کیلئے پیپلزپارٹی اپنا امیدوار لائے گی،صدر زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ
سردار قمر الزمان خان صدارت کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہو سکتے ہیں کیونکہ سردار تنویر الیاس حلقہ وسطی باغ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں یہ اسی صورت ممکن ہے جب سردار قمرالزمان یا ضیاءالقمر میں سے ایک الیکشن نہ لڑیں۔
سردار تنویر الیاس کی بھی کوشش ہوگی کہ وہ سردار قمر الزمان کو صدر بنواکر اپنے لئے الیکشن کی راہ ہموار کریں لیکن صدر کے انتخاب سے قبل پیپلزپارٹی قیادت کو بیرسٹر گروپ کو بھی راضی کرنا ہوگا۔
بیرسٹر گروپ کو ممکنہ طور پر ڈپٹی سپیکر شپ دے کر اور دیگر تحفظات دور کرکے راضی کیا جائیگاورنہ کسی ایسی شخصیت کو بھی صدارتی امیدوار لایا جا سکتا ہے جس پر بیرسٹر گروپ، پی پی قیادت سمیت سب راضی ہوں گے۔




