پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت گورنمنٹ ہاؤس مری میں گزشتہ روزخصوصی اجلاس ہوا جس میں گلاس ٹرین پراجیکٹ کو مظفرآباد تک توسیع دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مری اور مضافات کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے تاریخی پیکج کی منظوری دی گئی ہے، جسے مری کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میاں نوازشریف کا آزادکشمیر کا دورہ ایک بار پھر ملتوی
اجلاس میں کوٹلی ستیاں کو پنجاب کا جدید ترین ٹورازم ہب بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور ٹورازم کی 14 اسکیموں کی منظوری دی گئی۔
یہاں ایکو فرینڈلی گلمپنگ پوڈ ویلج اور ریزارٹ، پنجاب کا پہلا جدید پیرا گلائیڈنگ سینٹر، سیاحوں کے لیے اسکائی گلاس برج اور نئی چیئر لفٹ پراجیکٹ قائم کیے جائیں گےجبکہ پتریاٹہ چیئر لفٹ کی مرمت اور اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔
بھوربن میں 50 بیڈ پر مشتمل اسپتال تعمیر ہوگا اور بس اسٹینڈ کے ساتھ واٹر سپلائی اسکیم مکمل کی جا چکی ہے۔ مری گلاس ٹرین پراجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے لیے مونو ریل کی بڈنگ مارچ میں ہوگی۔
40 کلو میٹر طویل گلاس ٹرین لیک ویو پارک سے مری بس اسٹینڈ تک چلے گی اور اسے اسلام آباد ایئرپورٹ سے مظفرآباد تک توسیع دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: رشوت کا الزام: ایف آئی اے افسر سمیت 4 اہلکار گرفتار
اجلاس میں مری کی تاریخی عمارتوں کو قدیمی ڈیزائن کے مطابق بحال کرنے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے الگ شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مال روڈ کی 23 عمارتوں اور 76 دکانوں کی تزئین و آرائش مکمل ہو چکی ہے، جبکہ مری میں معیاری ہوٹل کمپلیکس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائے گا۔




