زمبابوے کے پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے لیے کوئی بھی لیگ چھوڑنی پڑے تو چھوڑ دوں گا۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے حالیہ ایک انٹرویو میں کہا کہ میں اپنے ملک کے لیے کوئی بھی وائٹ بال میچ نہیں چھوڑنا چاہتا، اس کے لیے مجھے کوئی بھی لیگ چھوڑنی پڑے تو چھوڑ دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : زمبابوے نے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دیدی
انہوں نے کہا کہ اگر آج مجھے زمبابوے کہے کہ تین دن بعد سیریز ہے، چاہے وہ کسی بھی ٹیم سے ہو، نیشنل ڈیوٹی کے لیے میں آئی پی ایل ہو یا پی ایس ایل اسے چھوڑ کر پہلے ملک کی نمائندگی کروں گا۔
سکندر رضا نے کہا کہ جب پرفارمنس ہوگی تو سب خوش ہوں گے، اگر نہیں ہوگی تو لوگ کہیں گے کہ صرف لیگ کرکٹ پر توجہ ہے۔
زمبابوین کپتان نے کہا کہ میرے لیے پیسے کی زیادہ اہمیت نہیں بلکہ زمبابوے کی جرسی پہننا معنی رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے 38ویں میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 179 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان سکندر رضا نے 26 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کو شکست :پاکستان نے سہ ملکی انڈر 19سیریز جیت لی
زمبابوے کی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ میں کشمیری خاندان کے ہاں پیدا ہونے والے سکندر رضا اپنے خاندان کے ساتھ 2002ء میں زمبابوے چلے گئے تھے اور 2007 سے زمبابوے میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔




