اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق بھی شاہ غلام قادر کیخلاف میدان میں آگئے ، اہم بیان جاری کردیا۔
چوہدری طارق فاروق نے شاہ غلام قادر کی مخالفین کے ہمراہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر ایک منظم، نظریاتی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے
پارٹی کے تمام اہم سیاسی فیصلے اور پالیسی معاملات ہمیشہ جماعت کے پالیسی ساز اداروں کی اجتماعی مشاورت کے ذریعے طے ہونے چاہئیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تحریک عدم اعتماد صرف میں لا سکتا ہوں،کامیاب کرانا بھی جانتا ہوں، آصف زرداری
کارکنان مسلم لیگ ن نے گزشتہ چار سال میں بڑے دکھ و الم سہتے ہوئے اپنی لیگی پارلیمانی پارٹی کی طرف سے پارٹی پر ناقابل قبول اور انتہائی نامقبول فیصلے مسلط کئے گئے جنہیں پارٹی کارکنان نے دل پر پتھر رکھ کر برداشت کیا ۔
تمام پارٹی کو پارلیمانی پارٹی نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے یرغمال بنائے رکھا ۔
موجودہ سیاسی صورتحال اور متحدہ اپوزیشن کی آج کی پریس کانفرنس کے تناظر میں یہ وضاحت ضروری ہے کہ ایسے حساس اور اہم معاملات، جو جماعتی حکمتِ عملی، سیاسی مؤقف اور کارکنان کے اعتماد سے براہِ راست وابستہ ہوں۔۔
انہیں جماعت کے مرکزی صدر میاں محمد نواز شریف ، شہباز شریف ، مرکزی متعلقہ فورمز ، مرکزی سیاسی کمیٹی، مرکزی عہدیداران یا مجلسِ عاملہ میں زیرِ بحث لانا ہی تنظیمی نظم و ضبط اور جمہوری روایت کا تقاضا ہے۔
ہم احترام کے ساتھ صدر جماعت اور سینئر قیادت سے گزارش کرتے ہیں کہ حالیہ معاملات کو فوری طور پر جماعت کے کسی بھی پالیسی ساز ادارے میں زیرِ غور لایا جائے تاکہ جماعتی مؤقف، حکمتِ عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل میں مکمل وضاحت اور ہم آہنگی برقرار رہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی اولین ترجیح جماعتی اتحاد، تنظیمی استحکام اور قومی مفاد کا تحفظ ہے، ھماری پارٹی آئندہ انتخابات کی تیاری کر رہی ہے ۔۔
پیپلز پارٹی کے ہم مد مقابل ہیں لیکن پارٹی کسی ایسی متحدہ اپوزیشن کا حصہ بن کر جس میں پی ٹی آئی اور انتشاری مکار ٹولہ موجود ہو آزاد جموں کشمیر کو مزید افراتفری اور غیر مستحکم کرنے کے کسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بن سکتی ۔
ہماری اجتماعی سیاسی ذمہ داری ہے کہ ہم آزاد جموں کشمیر میں جمہوری سسٹم کو مضبوط کرتے ہوئے پر امن طور پر پارلیمانی انتخابات کو بروقت اور یقینی بنانے کیلئے بطور پارٹی ایک ذمہ دارانہ کردار ادا کریں ۔
کارکنان اور ساتھی اعتماد اور اطمینان رکھیں ۔ ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ اس اہم مسئلہ کا ہماری اعلیٰ لیڈر شپ فوری نوٹس لے گی اور اسے جلد از جلد کارکنوں کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرے گی ۔




