عمران خان کی طبی رپورٹ حکومت کو ارسال، ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم ایمبولینس کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچ گئی

راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں طبی نگہداشت سے متعلق ابتدائی میڈیکل رپورٹ حکومتِ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں ان کی صحت، علاج اور روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے طبی معائنے کی مکمل تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر، نبض، درجہ حرارت اور شوگر لیول کا باقاعدہ چارٹ مرتب کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آن ڈیوٹی ڈاکٹرز روزانہ تین مرتبہ عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں اور تمام وائٹل سائنز باقاعدگی سے نوٹ کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ عمران خان کی آنکھوں کی صورتحال پر کنسلٹنٹس کی خصوصی رپورٹس بھی حکومت کو بھجوائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی قریب ہے : خواجہ فاروق

ماہر ڈاکٹرز کی آمد اور اسپتال منتقلی کا فیصلہ:

اسی دوران اڈیالہ جیل میں ماہر ڈاکٹرز کی ایک خصوصی ٹیم پہنچ گئی ہے، جس میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔ ڈاکٹرز کی ٹیم اور ایک ایمبولینس کو جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر داخل ہوتے دیکھا گیا، جس کے بعد جیل کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ یہ ٹیم بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ کرے گی اور اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا انہیں مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔

سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات:

جیل انتظامیہ کے مطابق تمام اقدامات عمران خان کی صحت اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے اطراف اضافی نفری تعینات کر کے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی طبی نگہداشت قانون اور جیل قواعد کے مطابق کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ،میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا،طارق فضل چوہدری

Scroll to Top