الیکٹیبلز کا تحریک انصاف میں داخلہ بند، اقتدار جھونپڑی تک لے جائیں گے، سید ذیشان حیدر

مظفر آباد( کشمیر ڈیجیٹل) تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر وامیدوار اسمبلی حلقہ ہٹیاں بالا سیدذیشان حیدر کاظمی نے کہا ہے کہ ہم بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سیاسی میدان میں آنے کا بھی خیرمقدم کرینگے، ایکشن کمیٹی کے آنے سے تحریک انصاف کو کوئی فرق نہیں پڑیگا۔

کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سید ذیشان حیدر نے کہا کہ ایم ایل ایز کا کام قانون سازی کرنا ہے، نلکے ٹوٹیاں لگوانا ان کا کام نہیں ہے، یونین کونسل کی سطح پرسکولوں ہسپتالوں کی اتھارٹی بھی بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہونی چاہیے۔

آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن کرانا تحریک انصاف کا ہی کارنامہ ہے، بلدیاتی الیکشن عمران خان کے کہنے پر کرائے گئے تھے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تحریک شروع ہوئی تو ہم نے ان کی بھی بھرپور حمایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے آنے سے ہماری سیاست میں کوئی فرق نہیں پڑا،عمران خان نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو سپورٹ کیا، ہمیں عمران خان نے ایکشن کمیٹی کی حمایت کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان کی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے،ہم نے آزادکشمیر کے حقوق کا تحفظ کیا،بلدیاتی الیکشن کرائے،ہم نے آزادکشمیر کے ہر شہری کو صحت کارڈ دیا، اسی بنیاد پر ہم الیکشن میں جائیں گے اور کامیابی سمیٹیں گے۔

سید ذیشان حیدر کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کو بھگوڑے چھوڑ کر جا چکے، الیکٹیبلز ،سیاسی کھڑپینچوں کا تحریک انصاف میں داخلہ بند کردیا گیا ہے،ہم ممبر شپ مہم لانچ کرنے جا رہے ہیں، ہم اقتدار اور اختیار کو کھڑ پینچوں سے چھین کر عام آدمی کی جھونپڑی تک لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نئی ممبر کیلئے ہمارا نعرہ ’’ نئی سوچ نئی لیڈرشپ ‘‘ ہے،ہمارے پاس گنجائش ہے، ہم نوجوانوں کے پاس جائیں گے،ہم تمام 49 حلقوں سے امیدوار لائیں گے اور بھاری اکثریت حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں کچھ فیصلوں کی وجہ سے پی ٹی آئی آزادکشمیر کو نقصان ضرور ہوا، بڑے بڑے ملکوں سے غلطیاں ہو جاتی ہیں ، ان فیصلوں سے ہم نے سیکھا کہ کون لوگ ہیں جو ہمارے ساتھ کھڑے ہیں،ہمارے پاس ہر ایک حلقے میں 6 امیدوار ہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاوجود ہی عمران خان کے نظریئے کی وجہ ہے۔

سید ذیشان حیدر کا کہنا تھا کہ میں کسی کو ہرانے یا کسی کو جتوانے کیلئے الیکشن نہیں لڑرہا بلکہ خود الیکشن لڑنے کیلئے میدان میں پہلے بھی اترا تھا اب بھی اتروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: بروقت ریسکیوآپریشن،پاک فوج نے پھر وادی لیپہ کے عوام کے دل جیت لئے

Scroll to Top