لاہور :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان کو عام انتخابات میں پارٹی کی تاریخی اور شاندار کامیابی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے بنگلہ دیش کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمٰن سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں عام انتخابات میں ان کی پارٹی کی تاریخی اور شاندار کامیابی پر عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلادیش قومی ریفرنڈم، 67 فیصد ووٹرز کا اصلاحات کے حق میں ووٹ
وزیر اعظم نے بنگلادیش کے عوام کو بھی عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی جو بنگلا دیشی قوم کے جمہوری نظریات اور اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے بنگلادیش کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ باہمی مفاد کے تمام شعبوں کے ساتھ ساتھ علاقائی امن اور ترقی کے لیے ایک دوسرے کی خودمختاری کے مکمل احترام کے ساتھ باہمی فائدہ مند دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
خوشگوار بات چیت کے دوران دونوں رہنمائوں نے بیگم خالدہ ضیاء کا ذکر کیا اور پاکستان بنگلادیش تعلقات میں ان کی نمایاں خدمات اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں ان کے کلیدی کردار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیش انتخابات،بی این پی نے سادہ اکثریت حاصل کر لی، طارق رحمان وزیراعظم ہونگے
وزیراعظم نے طارق رحمٰن کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ طارق رحمٰن نے بھی وزیراعظم کو بنگلادیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔
دونوں رہنمائوں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں لوگوں کی بہتری کیلئے کام کیا جا سکے۔




