پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے ہم خیال گروپ کوآئی پی پی کی ’’ سیاسی چھتری‘‘ مل گئی

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف ہم خیال گروپ گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

گلگت بلتستان کے سابق گورنر، سابق وزیر اعلیٰ اورسابق وزرا نے کئی سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی رہائشگاہ پر استحکام پاکستان پارٹی میںشمولیت کا اعلان کیا۔

گلگت بلتستان کے سابق گورنر جلال حسین مقپون اور سابق وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی جبکہ گلگت بلتستان اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلاف کیپٹن شفیع بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی مداخلت پرن لیگ گلگت بلتستان میں گروپ بندی ختم ،ناراض رہنما بغل گیر ہوگئے

سابق وزرا فتح اللہ خان، شمس الحق لون، حاجی شاہ بیگ اور دلشاد بانو بھی شمولیت کرنے والوں میں شامل ہیں۔خان اکبر خان، مولانا سلطان رئیس اور ایمان شاہ بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے۔

اس موقع پر وزیر مملکت اور آئی پی پی کے سینئر رہنما عون چوہدری اور پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر بگھور بھی موجود تھے جب کہ آئی پی پی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی و دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

اسلام آباد میں سربراہ استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ہمارے لیے نئی نہیں ہے،گلگت بلتستان میں جو کیمپین ہوگی ہماری پوری پارٹی ان ساتھیوں کے ساتھ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ یہ حکومت پاکستان کو پیسے دے سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اربوں ڈالر صرف سیاحت سے حاصل کرسکتے ہیں، ہمارا پہلا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ٹیکسوں سے نجات دیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ حاجی گلبرخان ہم خیال گروپ کی قیادت کررہے ہیں ،حاجی گلبر خان نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے آزادالیکشن لڑنے کے بعد ہمارا گروپ سپیشل سیٹوں کیلئے کسی پارٹی میں شامل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کی14رکنی نگران کابینہ تشکیل،خاتون مشیر بھی شامل

گزشتہ دنوں گروپ نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مجلس وحدت مسلمین کی قیادت سے سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں تھیں لیکن معاملات طے نہیں پاسکے تھے۔آئی پی پی میں شمولیت سے گروپ کو مخصوص نشستیں مل سکیں گی۔

Scroll to Top