خلیجی ممالک سے 38 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ ،تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران 38 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ سب سے زیادہ پاکستانیوں کو سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا گیا۔

قومی اسمبلی میں پیش کردہ دستاویزات کے مطابق سعودی عرب سے 27 ہزار 692 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے جبکہ متحدہ عرب امارات سے 6 ہزار 794، عمان سے 2 ہزار 537، بحرین سے 786، قطر سے 644 اور کویت سے 163 پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: تین ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ، سعودی عرب،یو اے ای سرفہرست

بھیک مانگنے کے الزام میں 780 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ جن میں سے 767 کا تعلق سعودی عرب، 10 کا یو اے ای، 2 کا قطر اور ایک کا عمان سے تھا۔

اسی طرح منشیات کے مقدمات میں ایک ہزار 25 جبکہ چوری میں ملوث 109 پاکستانیوں کو مختلف خلیجی ممالک سے نکالا گیا۔ غیر قانونی داخلے پر 4 ہزار 872 پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گمشدہ پاسپورٹ کے باعث ایک ہزار 933 اور بلیک لسٹ ہونے پر ایک ہزار 639 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مختلف ممالک سے بھیک مانگنے پر کتنے پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے؟ حیران کن اعدادوشمارجاری

یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک سے بڑی تعداد میں بھیک مانگنے پر پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا تھا جس پر حکومت کی جانب سے سختی کی گئی اور کئی مسافروں کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ کردیا جاتا ہے تاکہ وہ جا ہی نہ سکیں لیکن عمرہ کے نام پر جا کر کچھ بھیک مانگتے ہیں اور ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔

Scroll to Top