صدر آزادکشمیر کیلئے پیپلزپارٹی اپنا امیدوار لائے گی،صدر زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ایوان صدر اسلام آباد میں ہواجس میں صدر آزادکشمیر کیلئے امیدوار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری و اطلاعات و وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے اجلاس کےبعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، صدارتی انتخاب اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غورکیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرانے کے عزم کا اعادہ کیا او وفاقی حکومت سے مالی و ترقیاتی امور پر بات چیت کی یقین دہانی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر آزادکشمیر کون؟تنویر الیاس،تسنیم اسلم، چوہدری یٰسین،سردار عتیق خان کے درمیان جوڑ پڑ گیا

جاوید ایوب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر صدارتی انتخاب میں اپنا امیدوار لائے گی.پارلیمانی روایات کے مطابق سنگل لارجسٹ پارٹی کو صدر لانے کا حق حاصل ہے، ہمیں ایوان میں برتری حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت جاری،دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے نام ارسال کرچکے ہیں، فیصلہ جلد متوقع ہے،آئینی تقاضے کے مطابق 30 روز کے اندر صدارتی انتخاب ہونا چاہیے۔

جاوید ایوب کا کہنا تھا کہ صدر آزادکشمیر پیپلزپارٹی کا حق ہے اورمسلم لیگ (ن) اور دیگر گروپس کے دعوؤں پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے،پاکستان کی سیاسی صورتحال آزاد کشمیر سے مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے پاس قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں تھی جس کی وجہ سے صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا گیا جبکہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حالات زندگی کے اہم گوشے

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے 27 ارکان شریک ہوئے،دو ارکان مصروفیات کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔

اجلاس میں سابق صدر آزاد جموں و کشمیربیرسٹر سلطان محمودکی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کی طرف سے امیدوار کا نام نہیں بتایا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مزید مشاورت کے بعد نام انائونس کیا جائیگا، صدر کے عہدہ کیلیے مسلم لیگ(ن) نے بھی دلچسپی ظاہر کی تھی جبکہ بیرسٹر گروپ نے بھی عہدہ مانگا ہے لیکن پی پی قیادت فی الحال امیدوار نہیں لاسکی ہے۔

Scroll to Top