پی ایس ایل کی 11 سالہ تاریخ میں پہلا پلیئرز آکشن: آٹھ ٹیموں کے درمیان کھلاڑیوں کی خرید و فروخت جاری

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 11 سالہ تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے۔ لیگ کے روایتی ڈرافٹ سسٹم کو ختم کر کے کھلاڑیوں کی بھرتی کے لیے پہلی بار ‘پلیئرز آکشن’ (نیلامی) کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس بار ٹورنامنٹ میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی دو نئی فرنچائزز کے اضافے کے بعد ٹیموں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

نیلامی کے قواعد و ضوابط کے مطابق، ہر ٹیم کو 16 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تیار کرنا ہوگا، جس میں کم از کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 7 غیر ملکی کھلاڑیوں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اسکواڈ میں کم از کم دو ان کیپڈ انڈر 23 کھلاڑیوں کا ہونا لازمی ہے، جن میں سے ایک کھلاڑی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اس آکشن میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو دو سالہ معاہدے پر سائن کیا جائے گا، جبکہ پی سی بی کا منصوبہ ہے کہ 2027 کے ایڈیشن کے بعد ایک بڑا گرینڈ آکشن منعقد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2026 : پلیئر آکشن سسٹم کا مکمل طریقۂ کار سامنے آ گیا

رپورٹس کے مطابق، نیلامی سے قبل ملتان سلطانز کے علاوہ تمام ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں کو ریٹین (برقرار) رکھا ہے۔ ملتان کی فرنچائز اب اپنی فروخت کے بعد راولپنڈی سے تعلق رکھے گی۔ پی ایس ایل 2026 کی یہ تاریخی نیلامی پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریم کی جا رہی ہے، جسے شائقین کرکٹ اس لنک پر دیکھ سکتے ہیں:https://www.youtube.com/live/jv-Ymg6kISY?si=d7TDua-35J-lYl2Z

نیلامی کے اس عمل نے پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی بھرتی کے طریقہ کار کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے، جس سے لیگ میں مزید مقابلے اور جوش و خروش پیدا ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما اسپتال منتقل، نمیبیا کے خلاف میچ سے باہر ہونے کا خدشہ

Scroll to Top