مظفرآباد:آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ نظامت مذہبی امور نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور طلائی زیورات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے پیش نظر عوام الناس کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکومت کی جانب سے تمام ضلعی و تحصیل مفتی صاحبان کو ارسال کیے گئے مراسلے میں زور دیا گیا ہے کہ وہ معاشرے میں سادگی اور میانہ روی کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ جس کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سید وجاہت حسین گردیزی (ناظم مذہبی امور) کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں اشیائے ضروریہ کی گرانی اور سونے کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہونے کے باعث والدین اپنی بچوں اور بچیوں کی شادیاں کرنے سے عاجز آ چکے ہیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسی صورتحال میں صرف اسلامی طریقہ کار اور میانہ روی اختیار کرنے میں ہی عافیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپسٹین سکینڈل پر استعفے کا دبائو، برطانوی وزیراعظم نے مطالبہ مسترد کردیا
حکومت نے ریاست بھر کے آئمہ و خطباء کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد کے ذریعے عوام کی بھرپور رہنمائی کریں اور انہیں اسراف و بے جا مطالبات سے روکیں۔ مراسلے میں خاص طور پر تجویز دی گئی ہے کہ اول تو بغیر سونے کے زیورات کے شادی کے رواج کو عام کیا جائے، تاہم اگر سونا لینا ناگزیر ہو تو اس کی حد زیادہ سے زیادہ ایک تولہ مقرر کی جائے۔
نظامت مذہبی امور نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ شادی بیاہ کی دیگر تمام فضول رسموں کو ختم کرانے اور سادگی کی روایت کو معاشرے میں جڑ پکڑنے کے لیے اپنا دینی و ملی فریضہ احسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے اپنی اولاد کے فرائض کی ادائیگی آسان ہو سکے۔




