2027 میں شروع ہونیوالی اسکالرشپ پروگرام ماسٹرز سطح کیلئے ہوگا،آسٹریلیا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)آسٹریلیا حکومت کے آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپس کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد قسمت آزمائی کیلئے میدان میں آگئی ۔

آسٹریلیائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2027 کیلئے آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپس کی درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہوچکا ہے۔

یہ پروگرام ایک بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرام ہے جو پاکستانی طلبا کو آسٹریلیا کی معروف یونیورسٹیوں میں ماسٹرز سطح کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت اور پرعزم افراد کو تیار کرنا ہے تاکہ وہ جدید علم، بین الاقوامی تجربے اور قائدانہ صلاحیتیں حاصل کر کے وطن واپس آکر پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپ پروگرام محض ڈگری حاصل کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ طلبا کی قیادت، مہارت سازی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے پر بھی مرکوز ہے۔

اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا دنیا کے جدید تعلیمی نظام سے سیکھ کر اپنے ملک کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے قابل بنیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عبدالقیوم نیازی کے قریبی ساتھی طاہر نیازی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

واضح رہے کہ اس پروگرام میں امیدواروں کا انتخاب شفاف اور سخت معیار کے تحت کیا جاتا ہے۔ تعلیمی کارکردگی، پیشہ ورانہ تجربہ، قائدانہ صلاحیت اور پاکستان کی ترقی میں عملی کردار کی اہلیت کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔

اس کے ساتھ خواتین، معذور افراد اور دیگر محروم طبقات کو خصوصی حوصلہ افزائی دی جاتی ہے تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو یکساں مواقع مل سکیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی حکومتوں کے اشتراک سے ایسے شعبے منتخب کیے جاتے ہیں جو ملک کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔

ان میں ماحولیاتی تبدیلی، خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانا، زراعت اور پانی کے وسائل کا بہتر انتظام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور جامع معاشی استحکام شامل ہیں۔

اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی مہارتیں واپس آکر عملی طور پر استعمال کریں۔یہ اسکالرشپ صرف ماسٹرز سطح کی تعلیم کیلئے ہے اور 2027 میں شروع ہوگی۔

تعلیم کے تمام بنیادی اخراجات اسکالرشپ کے تحت شامل ہیں، بشمول ہوائی سفر، ٹیوشن فیس، رہائش اور روزمرہ کے اخراجات۔ طلبا کی ہیلتھ انشورنس، تعارفی تعلیمی پروگرام، اضافی تعلیمی مدد اور بعض کورسز میں فیلڈ ورک کے لیے مالی سہولت بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ بغیر کسی مالی دباؤ کے اپنی تعلیم پر پوری توجہ دے سکیں۔

اس پروگرام میں حصہ لینے کیلئے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا اور پاکستان میں مقیم ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس 16 سالہ تعلیم ہونی چاہیے اور پاکستان میں کم از کم پانچ سال کا متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ ہونا چاہیے۔

درخواست کے وقت عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے اور منتخب امیدوار کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم دو سال پاکستان واپس آکر خدمات انجام دینی ہوں گی۔

درخواستیں OASIS پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہیں۔ ہر امیدوار کو اپنی تعلیمی اسناد، تفصیلی سی وی، انگریزی زبان کے ٹیسٹ سرٹیفکیٹ، ریفرنس رپورٹس اور دیگر ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔

درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ 30 اپریل 2026 تک جاری رہے گا۔

نامکمل یا تاخیر سے جمع کروائی گئی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔ کامیاب امیدواروں کو 2026 کے آخر میں مطلع کیا جائے گا، جس کے بعد تربیتی مراحل اور آسٹریلیا روانگی کی تیاریاں مکمل کی جائیں گی۔

یہ ایک بہترین موقع ہے کہ آسٹریلیا ایوارڈ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے طلبا عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔۔

وطن واپس آکر ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کیلئے بہترین کردار ادا کرسکیں گے۔ یہ پروگرام نہ صرف تعلیمی ترقی، بلکہ معاشرتی اور اقتصادی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top