سعودی عرب:پاکستان کا ہائپر سونک میزائل سمیش ،فتح 2 میزائل کی دھوم

ریاض (کشمیر ڈیجیٹل)سعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2026 جاری ہے جس میں دنیا بھر سے دفاعی صنعت سے وابستہ ممالک، ادارے اور ماہرین شریک ہو رہے ہیں۔

پاکستان نے سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو میں ‘SMASH’ ہائپرسونک میزائل متعارف کروادیایہ میزائل سمندر اور زمین پر اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے

نمائش میں شرکاء نے پاکستان کے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاکستانی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے ‘سمیش’ نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل متعارف کرایا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد ایئرپورٹ روڈ پر آتشزدگی، سعودی شیلٹر سمیت قیمتی سامان جل کر خاکستر

کمپنی کے مطابق سمیش میزائل کو انتہائی تیز رفتار، درست رہنمائی اور تقریباً عمودی زاویے سے حملہ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینا ممکن ہو سکے گا۔ اینٹی شپ سیٹنگ میں اس میزائل کی رینج 290 کلومیٹر بتائی گئی ہے ۔

اس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب کیا گیا ہے ۔زمینی اہداف کیلئے تیار کردہ سیٹنگ میں بھی میزائل کی رینج 290 کلومیٹر رکھی گئی ہے ، تاہم اس ورژن میں وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے ۔

جی آئی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ سمیش میزائل کو دوہرے کردار کی صلاحیت کے تحت تیار کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی طرح کے میزائل کو سمندری اور زمینی دونوں نوعیت کے مشنز کیلئے استعمال کیا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی 2026 کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی، ریاست کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: نورالعین قاضی

اس بین الاقوامی نمائش کو خطے کی سب سے بڑی دفاعی نمائشوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں جدید اسلحہ، دفاعی ٹیکنالوجی اور عسکری سازوسامان پیش کیا جا رہا ہے۔

نمائش میں پاکستان سمیت 80 سے زائد ممالک کی شرکت اس ایونٹ کی عالمی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ پاکستان کی جانب سے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری سمیت متعدد سرکاری دفاعی ادارے اپنے جدید دفاعی منصوبے اور مصنوعات پیش کر رہے ہیں، جو ملکی دفاعی خود انحصاری کی عکاسی کرتے ہیں۔

نمائش میں پاکستان کے وہ میزائل اور دفاعی نظام بھی شامل ہیں جنہوں نے بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رمضان سے قبل گیس کا بحران، منافع خوروں نے قیمتیں 4 ہزار تک پہنچا دیں

فتح 2 میزائل سمیت دیگر جدید میزائل سسٹمز غیر ملکی مندوبین اور دفاعی ماہرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جو پاکستان کی جدید عسکری صلاحیتوں کا عملی ثبوت ہیں۔

اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر نمائش میں شرکت کی جب کہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی پاکستانی وفد کا حصہ ہیں۔ پاکستانی حکام کی شرکت کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان کی بھرپور موجودگی نہ صرف اس کی عسکری صلاحیتوں کو اجاگر کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر دفاعی صنعت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی نمایاں کر رہی ہے۔ یہ نمائش پاکستان کے لیے دفاعی سفارت کاری اور عالمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ سمجھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top