ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: امریکہ سمیت 8 غیر ملکی ٹیموں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی

انڈیا اور سری لنکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جہاں دنیا کی بڑی ٹیمیں مدمقابل ہیں، وہیں ایک حیرت انگیز حقیقت یہ سامنے آئی ہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی تعداد ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

آج پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے میچ میں جہاں سبز شرٹس میں 11 پاکستانی میدان میں اتریں گے، وہیں حریف امریکی اسکواڈ میں بھی تین ایسے کھلاڑی شامل ہیں جن کی پیدائش پاکستان میں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں 19 ممالک کی افواج کا بڑا ٹکراؤ! 60 گھنٹے کی کٹھن مشقیں مکمل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دشمنوں کو دو ٹوک پیغام

ورلڈ کپ کے حالیہ مقابلوں میں یہ دلچسپ صورتحال دیکھی گئی کہ کم از کم آٹھ مختلف ٹیموں میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جن کا بنیادی تعلق پاکستان سے ہے۔ پیر کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں تو حیرت کی انتہا ہو گئی جب میدان میں بیک وقت آٹھ ایسے کھلاڑی موجود تھے جو یا تو خود پاکستان میں پیدا ہوئے یا ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے تھا، جبکہ حیران کن طور پر ان دونوں میں سے کوئی بھی پاکستان کی اپنی ٹیم نہیں تھی۔ اس میچ میں زمبابوے کی قیادت سکندر رضا کر رہے تھے جبکہ عمان کی ٹیم میں سات پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل تھے۔

امریکی ٹیم کی بات کی جائے تو ان کے اسکواڈ میں شامل فاسٹ بالر علی خان، محمد محسن اور بلے باز شایان جہانگیر کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ علی خان نے حالیہ میچ میں انڈین بلے باز ابھیشک شرما کو گولڈن ڈک پر آؤٹ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ محمد محسن نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ شایان جہانگیر بھی پلیینگ الیون میں شامل ہونے کے منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی کوششیں کامیاب، بنگلا دیش کو کیا کچھ ملے گا؟آئی سی سی نے بتا دیا

ماہرین اس صورتحال کو جہاں پاکستان کے وسیع کرکٹ ٹیلنٹ کی نشاندہی قرار دے رہے ہیں، وہیں اسے تشویش ناک بھی سمجھا جا رہا ہے کیونکہ ان کھلاڑیوں کے پاکستان چھوڑ کر دیگر ممالک کی نمائندگی کرنے کے پیچھے مختلف وجوہات اور کرکٹ نظام کی خامیاں پوشیدہ ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top