ریشیاں لیپا روڈ شدید برف باری کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

وادیٔ لیپا کے بالائی علاقوں اور اطراف کے پہاڑوں پر شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ریشیاں لیپا روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ مسلسل برف باری اور خراب موسمی صورتحال نے علاقے میں آمد و رفت کو مکمل طور پر متاثر کر دیا ہے۔

محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر آج پورا دن بارش اور برف باری کا امکان ہے، اسی وجہ سے سڑک کھولنے کا آپریشن آج شروع نہیں کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث مشینری اور عملے کی تعیناتی ممکن نہیں، جس کے باعث ٹریفک کی بحالی مؤخر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بادلوں کا راج، پہاڑوں پر برفباری؛ جاتی سردی کو بریک لگ گئی

انتظامیہ کے مطابق موسم صاف ہوتے ہی سڑک سے برف ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا تاکہ ریشیاں لیپا روڈ پر ٹریفک بحال کی جا سکے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر: 9 اور10 فروری کو بارش، شدید برفباری کا امکان، ایمرجنسی الرٹ جاری

محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش اور برف باری کے دوران بلا ضرورت سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ حکام کے مطابق اگر موسم بہتر رہا تو کل سے انشاءاللہ سڑک کی بحالی کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔