جامعہ کشمیر شدید مالی بحران کا شکار، تعلیمی امور متاثر ہونے کا خدشہ

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید سے وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے وزیر خزانہ کو یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل، بجٹ کی کمی اور تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں پیش آنے والی مشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سٹاف ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس، مالی بحران کے فوری حل کا مطالبہ

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مالی وسائل محدود ہونے کی وجہ سے انتظامی اور تعلیمی امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے وائس چانسلر کو مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر یونیورسٹی کے مالی معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور حکومت یونیورسٹی کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت آزاد کشمیر اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر یونیورسٹی واقعہ،ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے، وزیراعظم کا حکم

یاد رہے کہ اس سے قبل آزاد کشمیر یونیورسٹی میں مالی بحران سے نمٹنے کیلئے فیسوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس پر طلبہ نے شدید احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا اس کے باوجود مالی بحران ختم نہیں ہوسکا۔

Scroll to Top