انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت سے میچ کھلانے کیلئے منانے کی کوششیں جاری ہیں لیکن پاکستان اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے اور شرائط پیش کردی ہیں۔
لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اورآئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کے درمیان مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات 3 گھنٹے سے زائد وقت سے جاری رہےجبکہ چیئرمین پی سی بی نے اپنا فوکس بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر رکھا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کو مشروط کردیا اور اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنی تمام شرائط سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کے سامنے پاکستان کا مؤقف کھل کر بیان کیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ حکومت نے ہی کرنا ہے جبکہ پاکستان نے ایونٹ سے باہر کرنے پر بنگلہ دیش کے نقصان کی تلافی کا مطالبہ کیا ہے۔
3گھنٹے مذاکرات کے بعد ڈنر کا وقفہ ہوا ہے اور پھر دوبارہ مذاکرات بھی کئے جائیں گے جبکہ محسن نقوی نے معاملے پر وزیراعظم سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں اتوار کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین الاسلام لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچے تو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی سے امین الاسلام نے ملاقات کی، جس میں کرکٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ صدر بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت میں نہ کھیلنے کے معاملے پر بنگلادیش کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، عالمی کرکٹ میں نئی قانونی بحث چھڑ گئی
بعد ازاں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی قذافی اسٹیڈیم پہنچے، جہاں ان کی بھی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر اور سی او او پی سی بی سمیر احمد سید بھی موجود تھے۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں ملاقات کے دوران ٹی 20 ورلڈ کپ تنازعے، پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈا ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف راؤنڈ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے۔




