مظفرآباد:آزاد کشمیر میں وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کےتحت بلاسود قرض کیلئے 35 ہزار درخواستیں موصول ہوگئیں جو سکرونٹی کے بعد فنانسنگ کیلئے 20فروری تک بینک آف آزادکشمیر کو بھیجی جائیں گی اور مارچ کے اوائل میں نوجوانوں کو قرضے جاری کئے جائیں گے۔
سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے مطابق وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کےتحت ریکارڈ 35ہزار درخواستیں موصول ہو ئی ہیں، سکیم کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو ضلعی آبادی، صنفی تناسب اور اسٹیٹ بینک کی پالیسی کے مطابق شفاف انداز میں قرضہ جات جاری کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کیلئے ایک ارب روپےمختص
وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی سکیم منظور کی گئی ہے۔
سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے مطابق سوشل میڈیا پر یوتھ لون پروگرام سے متعلق رپورٹس کے تناظر میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ منصوبہ کابینہ کمیٹی کی سفارشات، آزادکشمیر کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی (AKCDC) اور کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد منظور کیا گیا ہے۔
‘‘وزیراعظم یوتھ لون پروگرام’’کا بنیادی مقصد آزادکشمیر کے نوجوانوں کو بلاسود قرضہ جات فراہم کر کے انہیں کاروبار کے مواقع دینا اور خود روزگار ی کی طرف راغب کرنا ہے۔
اس منصوبے کے تحت بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے ذریعے قرضہ جات کی فراہمی کے لیے 10 دسمبر 2025 کو اخبارات میں اشتہار جاری کیا گیا جبکہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 مقرر تھی۔
محکمہ کے مطابق آزادکشمیر کے تمام اضلاع سے آن لائن اور دستی طور پر مجموعی طور پر 35 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جو نوجوانوں کے اعتماد اور اس سکیم کی افادیت کو واضح کرتی ہیں۔
موصولہ درخواستوں کی ابتدائی سکروٹنی کا عمل جاری ہے اور مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کے فارم 20 فروری 2026 تک بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو فنانسنگ کے لیے ارسال کیے جائیں گے۔درخواست فارم کی پنجاب طرز پر نامینل فیس مقرر کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم یوتھ اسکیم کے تحت ملنے والے لیپ ٹاپ کن خصوصیات کے حامل ہیں؟
بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے دستاویزی کارروائی، بزنس سائٹ وزٹ اور ٹیکنیکل و فنانشل اپریزل کے بعد اہل درخواست گزاروں کو مارچ 2026 کے اوائل میں بلاسود قرضہ جات کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔




