فوڈ اتھارٹی

رمضان سے قبل مضر صحت مصالحہ جات، مشروبات کی فروخت پر سخت ایکشن

مظفرآباد/بھمبر: رمضان المبارک سے قبل فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے غیر رجسٹرڈ اور مضر صحت مصالحہ جات و مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بدوں لیبارٹری رپورٹ، مضرِ صحت مصالحہ جات ضبط کرلئے ۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے غیر رجسٹرڈ اور مضرِ صحت مصالحہ جات و مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، متعدد کمپنیوں کی مصنوعات پر پابندی عائد

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بغیر فوڈ اتھارٹی کی رجسٹریشن اور اجازت نامہ کاروبار کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جس دوران مختلف اقسام کے مصالحہ جات کی بڑی مقدار ضبط کر لی گئی۔

کارروائی میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن اور معاون عملہ نے حصہ لیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر / فوڈ سیفٹی آفیسر ابرار احمد میر نے کہا کہ عوامی صحت سے کسی صورت کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرف وہی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی اجازت ہوگی جو فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ اور قوانین کے مطابق ہوں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بھمبر:فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن،ہزاروں لیٹر دودھ تلف،مقدمہ درج

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مضرِ صحت یا مشتبہ خوراک کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر دیں تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top