برمنگھم ( کشمیر ڈیجیٹل)وزیر امور منگلا ڈیم ومنگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہاہے کہ اوورسیز ریاست کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو اربوں روپے سالانہ زرمبادلہ وطن بھیج کر ملکی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردا ر ادا کررہے ہیں۔
وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل کے لئے جو کارنامہ سر انجام دیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کو جلد پلاٹس کی الاٹمنٹ چٹیں دیں گے۔ تحصیل ہسپتال چکسواری کی تعمیر سمیت حلقہ کے عوام کے دیرینہ مسائل بتدریج حل ہورہے ہیں۔
ہم نے سیاست میں بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیا ہے جس کے باعث حلقہ کے تمام قبائل کے مسائل بلاتفریق حل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں سابق ایڈمنسٹریٹر چکسواری راجہ گلفراز کی جانب سے برمنگھم میں دیئے گئے ظہرانہ کے موقع بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ظہرانے میں چیئر مین میونسپل کمیٹی چکسواری چوہدری نعیم روپیال، نوجوان راہنما چوہدری حسن جمشید، راجہ گلفام، راجہ گلستان، راجہ وقار رحمت، راجہ عظیم، راجہ آفتاب اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
وزیر امور منگلا ڈیم و منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران جس طرح اوورسیز نے ہمارا والہانہ استقبال کیا ہے اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں رہنے والے میرپور کے اوورسیز کشمیریوں نے برطانیہ کی عملی سیاست میں حصہ لیکر جو تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہیں اس سے پوری ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اوورسیز کے مطالبہ پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انور الحق رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل کے لئے نہ صرف حکومت پاکستان بلکہ قومی تعمیراتی فرم ایف ڈبلیو اوسے ملاقاتیں کرکے اس قومی منصوبہ کی تکمیل کروا رہے ہیں اس کے لئے وزیراعظم نے فرم کو ہدایات دی ہوئی ہیں کہ یہ منصوبہ جولائی 2026 تک بہر صورت مکمل ہو جانا چاہیے۔انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر بھر میں محکمہ مال کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے جس سے اوورسیز کو اپنی زمینوں کے متعلق جملہ معلومات آن لائن دستیاب ہوگی۔