ترلائی : مسجد میں خودکش دھماکہ، 12افراد شہید، 22زخمی ہو گئے

راولپنڈی :راولپنڈی کے مضافاتی علاقے ترلائی میں واقع ایک مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 نمازی شہید جبکہ 22 افراد زخمی ہو گئے ۔ دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں نماز ادا کی جا رہی تھی، جس کے باعث شدید جانی نقصان ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، ریسکیو اور دیگر امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔

دھماکے کے بعد آئی جی اسلام آباد  سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت و گرد و نواح میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، جبکہ سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بندرعباس : زور دار دھماکہ، متعدد گاڑیاں، عمارت متاثر،ریسکیو آپریشن جاری

ترجمان پمز ہسپتال کے مطابق ای ڈی پمز کی ہدایت پر ہسپتال میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں علاج و معالجے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مین ایمرجنسی ، آرتھوپیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری پمز ہسپتال پہنچے اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغان درالحکومت کابل میں دھماکہ، متعدد افراد جاں بحق

سکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقے کا رخ نہ کریں، تاکہ امدادی اور تحقیقی کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔

Scroll to Top