صدر و وزیراعظم پاکستان کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان

آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں آج یوم یکجہتی کشمیر بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہیں بلکہ بھارت کو غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکیں۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی۔

یومِ کشمیر کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان نے بھی کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور دیگر مسلح افواج نے بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے حق خودارادیت میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: “یوم یکجہتی کشمیر”کاتاریخی و سیاسی پس منظر کیا ہے؟

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیمینارز، یکجہتی واکس، ریلیاں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں دن دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس دن کا مقصد بین الاقوامی برادری کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و ستم کی جانب مبذول کرانا ہے۔

مزید پڑھیں: مظفرآباد میں یومِ یکجہتی کشمیر، پاکستانی قیادت کی آمد، ریلیاں اور نعروں سے شہر گونج اٹھا

Scroll to Top