یوم یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے پیغام میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیریوں سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری بھائیوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے،نہتے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب ہے۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ۔
پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
ادھرافواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کا آبادیاتی و سیاسی تشخص بدلنے کی کوششیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری: ملک بھر میں عام تعطیل ،بینک بند رکھنے کا اعلان
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، عالمی برادری کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ آزادی اور وقار کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔




