پاکستان نے زبردست قدم اٹھایا،آئی سی سی یکساں سلوک یقینی بنائے، سابق برطانوی کرکٹر

سابق انگلش کرکٹر مارک بچر(mark butcher) نے پاکستان کی جانب سے ٹی 20ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماننا پڑے گا کہ پاکستان نے اس بار غیر معمولی اور زبردست قدم اٹھایا ہے، آئی سی سی کو اب یکساں سلوک یقینی بنانا ہوگا۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کرکٹ کی دنیا کا سب سے زیادہ منافع کمانے والا مقابلہ سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی ہر بڑے ایونٹ میں اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ بھارت اور پاکستان ایک ہی گروپ میں ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے بائیکاٹ پر بھارتی براڈ کاسٹر کو کتنا نقصان ہوگا، تفصیلات سامنے آگئیں

مارک بچر نےمزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک گروپ میں ہونا اب ایک طے شدہ فارمولا بن چکا ہے، جبکہ باقی ٹیموں کے لیے ضابطوں اور قوانین کے تحت فیصلے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی بھارت کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے، جس کے باعث دیگر ٹیموں کے میچز اور شیڈول متاثر ہوئے، تاہم یہی سہولت بنگلہ دیش کو نہیں دی گئی۔

سابق انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے معاملات میں بھارت ہمیشہ اپنی مرضی چلاتا آیا ہے اور پاکستان کو اکثر یہ صورتحال برداشت کرنا پڑتی رہی ہے، لیکن اس بار پاکستان نے روایتی دباؤ کو قبول کرنے کے بجائے ایک مضبوط اور واضح مؤقف اپنایا۔

ان کے مطابق یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے اپنے پاس موجود واحد مؤثر ذریعہ استعمال کیا ہے۔

مارک بچر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا اعلان آئی سی سی اور بی سی سی آئی دونوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کرکٹ میں پاک بھارت مقابلے کی غیر معمولی اہمیت کے باعث یہ فیصلہ نہ صرف مالی طور پر بلکہ انتظامی سطح پر بھی بڑا اثر ڈال سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا جانا پڑے گا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یہ اقدام دراصل آئی سی سی اور بی سی سی آئی پر دباؤ ڈالنے کی ایک حکمت عملی ہے، کیونکہ ماضی میں پاکستان کے خدشات اور تحفظات کو اکثر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔

مارک بچر کے مطابق اس فیصلے کے بعد عالمی کرکٹ اداروں کو پاکستان کے موقف کو سنجیدگی سے لینا پڑیگا اور مستقبل میں فیصلوں کے دوران تمام ٹیموں کے ساتھ یکساں سلوک یقینی بنانا ہوگا۔

Scroll to Top