اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سابق جج اور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کو آزاد جموں و کشمیر کا چیف الیکشن کمشنرتعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین کشمیر کونسل/وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے جسٹس(ر) مصطفی مغل کے نام پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور آنے والے دنوں میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد وہ حلف اٹھانے کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی تعیناتی،3رکنی پینل وزیراعظم شہبازشریف کو ارسال
جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل کو بڑے پیمانے پر ایماندار، غیر جانبدار کے طور پر جانا جاتا ہے جن کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہے۔
وہ پہلےبھی بطور چیف الیکشن کمشنر کے طور پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں اور انتخابی قوانین اور انتظامی حوالے سے وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ سیاسی اور قانونی حلقے ان کی متوقع تقرری کو مثبت انداز میں دیکھتے ہیں۔
لوگوں کا خیال ہے کہ اس سے آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور جمہوری عمل پر عوام کا اعتماد مضبوط ہوگا۔
یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی تعیناتی کیلئے جسٹس (ر) مصطفی مغل، جسٹس (ر) خواجہ محمد نسیم اورجسٹس (ر) سردار عبدالحمید کے ناموں کا پینل بھیجا گیا ہے جس میں جسٹس (ر) مصطفی مغل کا نام فائنل ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی عدم تقرری، چیئرمین کشمیر کونسل، وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی تقرری کا نوٹیفکیشن اگلے 48گھنٹوں میں جاری ہونے کا امکان ہے۔




